نئی دہلی: یکم دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکومت نے آج پارلیمنٹ کو مطلع کیا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو لے کر کولکاتہ جا رہی ایک پرواز سمیت تین طیاروں میں ایک ہی وقت ایندھن کم ہونے کے معاملے میں شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل(ڈی جی سی اے)نے جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ترنمول کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے میں سازش کا اور ممتا بنرجی کی جان کو خطرہ ہونے کا الزام لگایا۔ترنمول کانگریس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس موضوع کو اٹھایا اور الزام لگایا کہ ممتا بنرجی کل جس طیارے سے کولکاتہ پہنچنے والی تھیں، اس کو قریب آدھے گھنٹے تک کولکاتہ کے اوپر ہی ہوا میں رہنا پڑا جبکہ پائلٹ نے طیارے میں ایندھن کم ہونے کی اطلاع دی تھی۔تاہم حکومت نے اس طرح کی کسی بھی سازش کے الزام کو مکمل طور مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی پٹنہ سے کولکاتہ جانے والی انڈگو کی جس پرواز میں سوار تھیں، اس کے ساتھ ایئر انڈیا اور اسپائس جیٹ کے دو دیگر طیاروں نے بھی ایندھن کم ہونے کی اطلاع دی تھی۔شہری ہوا بازی کے وزیر اشوک گجپت راجو نے لوک سبھا میں کہا کہ ممتا جس طیارے میں سوار تھیں، اسے کولکاتہ ہوائی اڈے کے اوپر صرف 13منٹ ہوا میں رہنا پڑا اور اس بات کویقینی بنایاگیا کہ طیارہ محفوظ اور منظم انداز میں اترے۔شہری ہوا بازی وزیر مملکت جینت سنہا نے راجیہ سبھا میں یہ معلومات دی۔
راجو نے کہا کہ شہری ہوا بازی ڈائریکٹوریٹ جنرل(ڈی جی سی اے)نے اس بارے میں تحقیقات کا حکم دے دیا ہے کہ کولکاتہ میں ایک ہی وقت میں تین طیاروں میں ایندھن کم ہونے کا مسئلہ کیسے آیا۔اصول کے مطابق انہیں کافی ایندھن لے کر پرواز کرنا ہوتا ہے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر 30-40منٹ تک بھی آسمان میں رہ سکیں اور دوسرے سب سے قریبی ہیلی پیڈ پر اتر سکیں۔ممتا بنرجی کی پرواز کے معاملے میں یہ قریبی ہیلی پیڈ بھونیشور کا تھا۔لوک سبھا میں پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے کہا کہ ڈ ی جی سی اے کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔